تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، جمعرات، 2 جنوری 2025 (ٹی این ایس): سعودی عرب نے جمعرات کو پاکستان کو 100 ٹن کھجوروں کا تحفہ پیش کیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان خیرسگالی اور یکجہتی کی علامت ہے۔
اس موقع پر اسلام آباد میں سعودی عرب کے شاہی سفارتخانے میں ایک باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کے ڈائریکٹر عبداللہ البقامی نے کھجوروں کی کھیپ بریگیڈیئر عالمگیر ایوب، ڈائریکٹر جنرل ملٹری ونگ کے حوالے کی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی قیادت میں سعودی حکومت نے اپنی سالانہ سخاوت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے، پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنے اخلاص اور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ تحفہ دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی اور بھائی چارے کے اٹوٹ رشتے کی عکاسی کرتا ہے، جو سخاوت اور باہمی تعاون کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔
اس موقع پر بریگیڈیئر عالمگیر ایوب نے خادم حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا پاکستان کے لیے مستقل سخاوت اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا، “یہ عظیم جذبۂ یکجہتی نہ صرف ہمارے تعلقات کو مزید مضبوط کرتا ہے بلکہ دونوں اقوام کے درمیان موجود گہرے اور باوقار رشتے کی عکاسی بھی کرتا ہے۔”
کھجوروں کا سالانہ تحفہ سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو فروغ دینے اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا حصہ ہے