بھارت سندھ طاس معاہدےپرعمل نہ کرکے پاکستان کی زراعت اور ہائیڈل منصوبوں کو نقصان پہنچارہا ہے، وزیرخارجہ

 
0
412

اسلام آباد اگست 29 (ٹی این ایس )    وفاقی وزیر خارجہ آصف نے عالمی بینک کو سندھ طاس معاہدے پر تعمیری کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآ مد چھوڑ دیا اور بھارت پاکستان کی  زراعت اور ہائیڈل منصوبوں کو نقصان پہنچا رہا ہے ۔

یہ بات انھوں نےاسلام آباد میں منعقدہ  سندھ طاس معاہدے سے متعلق سینیمار سے خطاب کرتے ہوئے  کہی ۔ خواجہ  آصف نےکہاکہ بھارت نے کئی منصوبے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائے اور ان منصوبوں کے ڈیزائن بھی پاکستان کو فراہم نہیں کیے ، بھارت پاکستان کی زراعت  اور ہائیڈل منصوبوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کرتا ہے تاہم بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے ۔

وزیر خارجہ  نےسندھ طاس معاہدے کی اصل روح کے مطابق کام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے ساتھ آبی تنازعات حل کرنے پر تیار ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر قومی عادات پر بھی تنقید کرتے ہوئےکہا کہ بھارت کی جانب سے مسائل سے زیادہ مسائل ہم نے خود پیدا کیے ہیں، ہم جس انداز سے پانی استعمال کرتے ہیں وہ ایک مجرمانہ فعل ہے، ہم پانی ایسے استعمال کرتے ہیں جیسے ہمارے پاس لامحدود پانی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پانی کی مقامی تقسیم پر خرچ ہونے والی رقم کا 80 فیصد ریکور نہیں ہوتا، اگر پانی کا ضیاع جاری رہا تو مستقبل میں مزید خطرات کا سامنا کرنا پڑےگا۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے بھی ماضی میں پانی کے مسئلےکو سنجیدگی سے نہیں لیا، اب حکومت نے مسئلے کا ادراک کرتے ہوئے الگ وزارت قائم کی ہے، پانی سے متعلق قومی سطح پر شعور اجاگر کرنے  کی ضرورت ہے۔