عجب مردم شماری کےغضب نتائج ، کوئٹہ اور اسلام آباد کی شہری آبادی پنجاب کے کئی اضلاع سے کم ہونے کے باوجود انھیں ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل کیا گیا

 
0
472

اسلام آباد29اگست (ٹی این ایس ) محکمہ شماریات نے مردم شماری کے بعد 10 بڑے شہروں کی شہری آبادی کے اعدادو شمار میں بعض اضلاع کو یکسر نظرانداز کیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پنجاب کے کئی اضلاع کی آبادی کوئٹہ اور اسلام آباد سے زیادہ ہے مگر اسکے باوجودانھیں  دس بڑے شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مردم شماری کے عبوری نتائج جاری کردیئے ہیں جس میں ملک کی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ سے زائد بتائی گئی  ہےجب کہ ملک کے 10 بڑے شہروں کے اعدادو شمار بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔تاہم بتایا جا رہا ہے کہ ان شہروں کے اعدادوشمار میں بعض اضلاع کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے۔

کوئٹہ اور اسلام آباد کی شہری آبادی کو پنجاب کے ضلع شیخوپورہ اور بہاولپور سے کم ہونے کے باوجود ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل کیا گیا، یعنی شیخوپورہ اور بہاولپور کو بڑے شہروں کی فہرست سے باہر رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ رحیم یار خان، سیالکوٹ اور سرگودھا کی آبادی بھی کوئٹہ اور اسلام آباد سے زیادہ ہے۔

مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے شہری علاقوں کی آبادی ایک کروڑ 49 لاکھ 10 ہزار 352 ہے اور ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور ہے جس میں کوئی دیہی آبادی نہیں، لاہور کی شہری آبادی ایک کروڑ 12 لاکھ 26 ہزار 285 ہے، آبادی کے لحاظ سے تیسرا بڑا ضلع فیصل آباد ہے جس میں شہری آبادی 37 لاکھ 60 ہزار 328 ہے۔