قطر کا بحران: کویت کے ثالثی کا کردار ، اقوام متحدہ کا اعلان

 
0
442

جنیوا: اگست 29(ٹی این ایس)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنتونیو گوترش نے کویت میں اْس کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔اس موقع پر گوتریس نے اقوام متحدہ کی مکمل سپورٹ کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ عالمی تنظیم قطر کے بحران کے حوالے سے کویت کے ثالثی کے کردار کے پیچھے کھڑی ہے۔ گوترش نے یمن کے مذاکرات کی میزبانی اور عراق میں اْن تباہ حال علاقوں کی تعمیر نو کے حوالے سے بھی کویت کے موقف کو سراہا جو داعش اور دیگرجنگجو تنظیموں کے زیر قبضہ رہے۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے انسانی خدمت کے میدان میں امیرِ کویت کے نمایاں قائدانہ کردار پر اْن کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کویت کی کوششوں کے واسطے اپنی خالص ممنونیت کا بھی اظہار کیا۔ملاقات میں کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح ، کویتی وزیر اعظم شیخ جابر المبارک الحمد الصباح اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح الخالد الحمد الصباح بھی موجود تھے۔درین اثناء خلیجی ریاست بحرین کے وزیر خارجہ الشیخ خالد بن آل خلیفہ نے کہا ہے کہ قطر میں بیٹھے بعض عناصر قطری قوم کی کردار کشی اور اس کی توہین کے مرتکب ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹویٹر‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں بحرینی وزیر خارجہ نے کہا کہ قطری قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ کون کون روزانہ کی بنیاد پر ان کی توہین کر رہا ہے۔ قطری قوم کی توہین کرنے والے پڑوسی نہیں بلکہ خود قطر کے اندر موجود ہیں۔ جو ان کے ہم مذہب اور ہم نسل ہیں۔قبل ازیں بحرین کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر علی العرادی نے کہا تھا کہ منامہ بحرین میں قطری مداخلت پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کی جانب سے منفی پروپیگنڈے کا توڑ کرنے کے لیے منامہ سلامتی کونسل، عالمی فوج داری عدالت اور اقوام متحدہ سے رجوع کرے گا۔ عالمی اداروں کو قطر کے جنگی جرائم اور اقوام متحدہ کے معاہدوں کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔علی العرادی کا کہنا تھا کہ بحرین قطر کے خلاف جو اقدامات اٹھانے جا رہا ہے وہ بالکل واضح ہیں۔ دوحہ ہمارے اندرونی معاملات میں داخل اندازی، دہشت گردی کی معاونت اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے۔