مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا بڑا آپریشن، خانہ تلاشیاں ، ہزاروں لوگوں کو عملا یرغمال بنایا گیا

 
0
1001

سرینگر، اگست 29 (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے 10 سے زائددیہات اور ان سے ملحقہ وسیع وعریض باغات و جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن کیا۔ اور ہزاروں کی شہری آبادی کو عملا یرغمال بناکر انھیں ہراساں اور خواتین سمیت بعض کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ اسے شوپیان کے بعض دیہات بشمول چکورہ،دانگام،وانگام،رانی پورہ، زئی پورہ،شاہ پورہ،خاسی پورہ،ہانگل چک، منگا چک،ٹکی پورہ اورماتری بگ، جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملی  تھی جس کے بعد فوج کی 62 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)نے پیر کی علی الصبح ان دیہات اور ان سے ملحقہ باغات میں تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔ ضلع شوپیان کے دس  سے زائد دیہات میں یہ سرچ آپریشن شوپیان روڑ پر واقع ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ پر فدائین حملے کے دو روز بعد شروع کیا گیا۔تاہم 6گھنٹے کے بعد آپریشن ختم کردیا گیا۔البتہ مقامی لوگوں نے بعد ازاں میڈیا کوبتایا کہ تلاشی کارروائی کے دوران ان کیساتھ زیادتیاں کی گئیں۔کارروائی کے دوران دیواروں پر لکھے گئے آزادی کے نعرے مٹائے گئے اور جگہ جگہ مطلوب مجاہدین کی تصاویر کیساتھ پوسٹر چسپاں کئے گئے۔ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد شوپیان میں کیاجانے والا تیسرا بڑا آپریشن تھا۔ اس سے قبل رواں برس کے 4 مئی اور رواں ماہ کی 19 تاریخ کو فورسز نے اس ضلع میں  ظالمانہ آپریشن کیا گیا  تھا۔