امریکہ میں سمندری طوفان ’ہاروی، ایک ہفتے میں اتنی بارش ہوگی جتنی ایک سال میں متوقع ہوتی ہے،نقصانات کا اندازہ 15 ارب ڈالر سے زیادہ

 
0
437

ٹیکساس ، اگست 29 (ٹی این ایس) امریکی حکام نے کہا ہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں سمندری طوفان ’ہاروی‘ کی وجہ سے ریکارڈ بارش ہوئی ہے اور شہر میں اب تک 30 انچ بارش ہو چکی ہے جس سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

ماہرین کے اندازے کے مطابق طوفان کی وجہ سے ایک ہفتے میں اتنی بارش ہوگی جتنی ایک سال میں متوقع ہوتی ہے۔اس طوفان کی وجہ سے اب تک پانچ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔طوفان کی وجہ سے امدادی کارروایئوں میں شدید دشواری پیش آرہی ہے اور انتظامیہ کے پاس سہولیات میں کمی وجہ سے شہریوں کو اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکہ کے چوتھے بڑے شہر ہوسٹن کی آبادی تقریباً 66 لاکھ ہے اور طوفان کے نتیجے میں ہونے والی بارش کے بعد اس کے قرب و جوار سے اب تک دو ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا  ہے۔امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کے مطابق اس نوعیت کا طوفان اس سے پہلے کبھی نہیں آیا تھا اور علاقے میں ‘سیلابی ایمرجنسی’ نافذ کر دی گئی ہے۔شہر کے بیشتر سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے اور ہزاروں گھروں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

ٹیکساس کے جنوب مشرق کے پاس سے گزرتے ہوئے طوفان کی وجہ سے دریاؤں میں بڑھتی ہوئی طغیانی کا رخ ہوسٹن کی جانب ہے۔ شہر کے میئر سلوسٹر ٹرنر نے رہائشیوں کو پیغام دیا ‘سڑکوں پر ابھی نہ نکلیں اور یہ نہ سمجھیں کہ طوفان ختم ہو گیا ہے۔’ہاروی’ سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کا تعین کرنا ابھی باقی ہے۔ لیکن خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے انشورنس ماہرین نے اندازے کا اظہار کیا ہے کہ اس طوفان کے نتیجے میں ہونے والا مالی نقصان 2005 میں آنے والے طوفان کیٹرینا جتنا ہو سکتا ہے۔واضح رہے کہ امریکی ریاست لوزیانا اور مسی سپی میں آنے والے طوفان کیٹرینا کی وجہ سے 15 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔