اسلام آباد (ٹی این ایس) پیکا ترمیمی بل کے خلاف پاکستانی صحافیوں کے مظاہرے

 
0
40

اسلام آباد (ٹی این ایس) پیکا ترمیمی بل کے خلاف پاکستانی صحافیوں کے مظاہرے

سینیٹ کی جانب سے پیکا ترمیمی بل کی منظوری کے بعد آج منگل کے روز پاکستان کے متعدد شہروں میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان مظاہرین کی کل تعداد سینکڑوں میں تھی، جن کا موقف ہے کہ پیکا کے قانون میں ترامیم کا مقصد پریس کی آزادی پر قدغن لگانا اور ڈیجیٹل میڈیا کو کنٹرول کرنا ہے۔

روئٹرز کے مطابق اس ترمیمی بل کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی قیادت میں آج کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، جن کے شرکا کا حکومت سے مطالبہ تھا کہ پارلیمان سے منظور شدہ اس بل کو واپس لیا جائے۔

اسلام آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ یہ بل ’’آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’ہماری تحریک تب تک جاری رہے گی جب تک یہ قانون واپس نہیں لیا جاتا۔‘‘

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج پولیس نے مظاہرین کو ریڈ زون کی طرف بڑھنے سے بھی روک دیا۔