پشاور (ٹی این ایس) پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کو پشاور ایئرپورٹ پرسعودی عرب جانے سے روک دیا گیا ۔ فیصل جاوید عمرہ کے لیے جارہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے میرا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔ ایف آئی اے حکام نے عدالتی احکامات کی توہین کی ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کو پشاور ایئر پورٹ پر فلائٹ سے آف لوڈ کر دیا گیا، وہ عمرہ کے لئے سعودی عرب جارہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ پشاورہائیکورٹ نے مجھے عمرہ ادائیگی کی اجازت دی۔فیصل جاوید نے کہا کہ ہائیکورٹ نے میرا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیا، ائیرپورٹ پر میں نے پشاور ہائی کورٹ کا آرڈر دکھایا۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے ایمیگریشن والوں نے عدالتی احکامات کی توہین کی۔قبل ازیں، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق دو صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کردیا۔ عدالت نے متعلقہ اداروں کو فیصل جاوید کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے فیصل جاوید کو عمرہ کی ادائیگی پر جانے کی اجازت دیدی، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عمرہ سے واپسی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے فیصل جاوید کے معاملے کو پھر دیکھیں۔حکم نامے کے مطابق درخواستگزار کچھ مقدمات میں بری ہوچکے ہیں، ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔