میکسیکو میں زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد80سے تجاوزکرگئی

 
0
405

میکسیکو سٹی  ستمبر9(ٹی این ایس): میکسیکو کے جنوب میں بحرالکاہل میں آنے والے 8 اعشاریہ3 کی شدت سے آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد80سے تجاوزکرگئی ہے ۔ اس زلزلے کو میکسیکو کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا گیا ہے۔ٹباسکو، ویہاکا اور چیاپس میں اس وقت ایک بڑا ریسکیو آپریشن کیا جا رہا ہے جہاں یہ خدشہ ہے کہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔میکسیکو کے صدر انریق پینا نیٹو کا کہنا ہے کہ زلزلے میں 300 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

صدر انریق پینا نیٹو نے ملک میں ایک روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے اس موقع پر ہلاک ہونے والے افراد کے سوگ میں ملک کا پرچم سرنگوں رہے گا۔ زلزلے کے جھٹکے اس کے اصل مقام سے سینکڑوں میل دور تک محسوس کیے گئے اور اس سے اوکساکا اور چیاپاس کے علاقوں میں خاصی تباہی ہوئی ہے۔زلزلے کے نتیجے میں ہمسایہ ملک گوئٹے مالا میں بھی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔زلزلے کے بعد میکسیکو کے ساحلی علاقوں کے قریب 4.3 اور 5.7 کی شدت کے درجنوں آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے نتیجے میں میکسیکو اور قریبی ممالک کے سمندر میں تقریباً تین میٹر بلند لہریں اٹھنے پر میکسیکو میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔میکسیکو کے صدر نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ پانچ کروڑ افراد نے زلزلہ محسوس کیا اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔سوشل میڈیا پر دکھائی دینے والے مناظر میں ریاست اوآکسکا کی تباہ شدہ عمارتوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوچیتن کے مقامی ہسپتال کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔