امریکی شہرلاس ویگاس میں میوزیکل شوکے دوران فائرنگ سے80افراد ہلاک‘300کے قریب زخمی-حملہ آوروں نے ہوٹل کی کھڑکیوں سے سینکڑوں گولیاں برسائیں

 
0
336

 

 لاس ویگاس اکتوبر2(ٹی این ایس): امریکی شہر لاس ویگاس میں ایک میوزیکل شو کے دوران فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد80سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ300کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں ہیں‘جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور مقامی شخص تھا جس کا نام نہیں ظاہرنہیں کیا گیا، فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کو میریلو ڈینلے نامی خاتون کی تلاش ہے جو حملہ آور کے ساتھ سفر کر رہی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ مسلح شخص نے مینڈیلے بے ہوٹل کی 32ویں منزل سے باہر منعقد ہونے والے میوزک فیسٹیول میں شریک افراد پر فائرنگ کی ۔مقامی ہسپتال کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کئی لوگوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جنہیں گولیاں لگی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاس ویگاس سٹرپ پر ایک دوسرے واقعے کی بھی اطلاعات ہیں۔روٹ 19 ہاروسٹ فیسٹیول میں جائے واقعے کے بعض حصہ کو بند کر دیا گیا ہے اور وہاں مسلح پولیس موجود ہے۔

فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق سینکڑوں گولیاں چلائی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ امدادی کاروائیوں میں مصروف ہے کیونکہ اکثر زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔لاس ویگاس پولیس شیرف جوزف لومبارڈو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جائے وقوع پر25 سے زائد افراد کے ہلاک اور 150 سے زائدکے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد80سے بھی زیادہ ہے اور ان میں اضافے کا خدشہ ہے- لاس ویگاس کے مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ شہر کے ہسپتال لاشوں اور زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں جن میں امریکی شہریوں کے علاوہ غیرملکی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے- مقامی نشریاتی ادارے نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے اونچائی سے کنسرٹ میں موجود ہجوم پر مبینہ طور پر سینکڑوں گولیا ں برسائیں ۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملہ آور ایک سے زائد تھے۔ منڈالے بے کسینو لاس ویگاس شہر کی اس مشہور پٹی پر واقع ہے جہاں لاس ویگاس کے مشہور جوا خانے موجود ہیں۔حکام کے مطابق واقعہ رﺅٹ 91 ہارویسٹ فیسٹول کے لوک موسیقی کے تین روزہ میلے کے اختتامی لمحات میں پیش آیا جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ میوزیکل شو میں موجود ایک شخص نے واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی ہے جس میں ہوٹل کے باہر ہونے والے کانسرٹ میں لوک گلوکار جیسن آلڈین اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں کہ اسی دوران فائرنگ کی آواز آتی ہے اور شو میں بھگدڑ مچ جاتی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق جیسن آلڈین کانسرٹ کے آخری گلوکار تھے جنہیں ویڈیو میں فائرنگ کے بعد اسٹیج پر بیٹھتے اور فائرنگ سے بچنے کے لیے آڑ لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں میلے میں شریک تمام گلوکار اور فن کار محفوظ رہے ہیں۔پولیس نے لاس ویگاس کی مرکزی شاہراہ کو ایک میل تک آمد و رفت کے لیے بند کردیا ہے اور لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ علاقے سے دور رہیں۔جائے واردات کے نزدیک ہی واقع لاس ویگاس کے مک کارن ہوائی اڈے کی انتظامیہ کے مطابق پولیس کی کارروائیوں کے باعث ایئر پورٹ پر اترنے والی بعض پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب سے بھیج دیا گیاہے۔امریکہ کی ریاست نیواڈا میں واقع لاس ویگاس اپنے جوے کے اڈوں، شاپنگ مراکز اور تفریحی مراکز کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے اور ہر سال کروڑوں سیاح دنیا بھر سے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔