لنڈی کوتل،ستمبر 10 (ٹی این ایس) دینی رہنماوں نے مقامی انتظامیہ کے تعاون سے لنڈی کوتل کے علاقہ آشخیل میں آلات موسیقی جمع کرکے انھیں نذر آتش کر دیا ۔ موسیقی کے آلات دارالعوام و آستانیہ بنوریہ آشخیل کے ذمہ داران نے مختلف پروگرامات اور چھاپوں کے دوران قبضے میں لئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق علاقہ شیخ مل خیل اور مختار خیل میں محفل موسیقی پر دھاوا بول کرسٹیج توڑ دیا گیااور موسیقی کے آلات قبضے میں لے لئے گئے جنھیں بعد ازاں جمعہ کے موقع پر اجتماعی طور پر انھیں نذر آتش کر دیا گیا۔
علاقہ کے ایک رہنما محمد ابراہیم عرف باچا جان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی بیاہ اور خوشی کی تقریبات میں موسیقی اور نشہ سے گمراہی اور فحاشی پھیلتی ہے اس لئے اسکے انسداد کی مہم شروع کی گئی ہے۔ ابھوں نے کہا کہ موسیقی پر پابندی کے سلسلے میں انتظامیہ اور مشیران کا ساتھ دینے پروہ شکریہ ادا کرتے ہیں ۔













