الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے لیے وزارت داخلہ سے تفصیلات مانگ لیں

 
0
1007

اسلام آباد  ستمبر 11 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعت ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے حوالے سے وزارت داخلہ سے تفصیلات مانگ لی ہیں۔چیف الیکشن کمشنر ریٹائر جسٹس (ر) سردار رضا خان نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کے معاملے پر کیس کی سماعت کی جس میں پارٹی کے وکیل رائے اختر پیش ہوئے۔ملی مسلم لیگ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے جماعت کی رجسٹریشن سے متعلق دستاویزات کمیشن میں پیش کردی ہیں۔جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایک عام تاثر ہے کہ آپ کی جماعت کا کالعدم تنظیم سے تعلق ہے۔

الیکشن کمیشن کے رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا کالعدم جماعت الدعوة سے کوئی تعلق ہے جس پر ملی مسلم لیگ کے وکیل نے جواب میں کہا کہ ہماری جماعت کا جماعت الدعوة سے کوئی تعلق نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے کچھ تفصیلات کی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے تاہم ابھی تک وزارت داخلہ سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔اس پر ملی مسلم لیگ کے وکیل نے دہرایا کہ ہمارا تعلق کسی کالعدم جماعت سے نہیں ہے اور نہ ہی ہماری جماعت قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور کے انتخاب میں حصہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس تو انتخابی نشان بھی نہیں ہے۔جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس معاملے کے شواہد وفاقی حکومت ہی دے سکتی ہے اور ساتھ ہی الیکشن کمیشن کے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ وفاقی حکومت کو یادہانی کا خط لکھا جائے اور وفاقی حکومت سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا جائے۔جس کے بعد الیکشن کمیشن نے مذکورہ کیس کی سماعت 25 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔