آئی سی سی کے مقابلے پاکستان میں بھی ہو سکتے ہیں، ڈیوڈ رچرڈسن

 
0
337

لاہور ستمبر 14(ٹی این ایس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکیٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے معاملات اسی طرح درست سمت کی جانب بڑھتے رہے تو آئندہ چند سالوں میں آئی سی سی ایونٹ بھی ہوسکتے ہیں۔منگل کو لاہور میں ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کے لیے آنے والے رچرڈسن نے پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی عوام کا میچ کو سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ورلڈ الیون کے دورے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستانی سیکورٹی ایجنسیوں کی تعریف کی۔رچرڈسن نے کہا کہ سیکورٹی کا مسئلہ پوری دنیا کا ہے، تمام ممالک اور کھیل اس سے متاثر ہوئے، یہ سیریز یقینی طور پرپاکستان میں ہر قسم کی بحالی میں مدد گار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جائلز کلارک نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بہت کام کیا، کرکٹ فیملی یکجا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں ایک ساتھ ہیں۔
آئی سی سی سربراہ نے کہا کہ ہماری توجہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے اور دیگر رکن ممالک کو پاکستان میں کھلانے پر ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو مشکل وقت میں مدد فراہم کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب صحیح چلتا رہا تو آئی سی سی ایونٹ بھی پاکستان میں ہوسکتے ہیں،2سال کے دوران پاکستان میں حالات بہت بہتر ہوئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر بی سی سی آئی پاکستان سے کھیلنے پر رضامند نہیں تو آئی سی سی اسے مجبور نہیں کرسکتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز دونوں ممالک کی رضامندی سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ممبر ممالک کے درمیان قانونی چارہ جوئی کے خلاف ہے۔اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ آزادی کپ آئی سی سی کے تعاون سے ممکن ہوا، ہمارے اس پلان کو جائلز کلارک اور رچرڈسن نے بہت سپورٹ کیا۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے سب سے پہلے کراچی اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جائے اور اس سلسلے میں ڈیڑھ ارب روپے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔