خضدار (ٹی این ایس) خضدار اسکول بس حملہ، مزید 2 طالبات شہید، تعداد 8 ہوگئی

 
0
14

خضدار (ٹی این ایس) خضدار اسکول بس حملے میں زخمی مزید 2 طالبات دوران علاج شہید ہوگئیں، شہید طلبہ کی تعداد 8 اور مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار میں اسکول بس کے قریب دھماکے میں زخمی ہونیوالی مزید 2 طالبات دوران علاج شہید ہوگئیں، شیما ابراہیم اور مسکان نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج جام شہادت نوش کیا۔

رپورٹ کے مطابق خضدار اسکول بس پر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے حملے میں شہید طلبہ کی تعداد 8 ہوگئی، واقعے میں طلبہ سمیت 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 معصوم جانیں فتنہ الہندوستان کی پاکستان میں دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ گئیں، حملے میں شہید ہونیوالوں میں 7 طالبات اور ایک طالب علم شامل ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بس پر حملے کے پہلے روز ثانیہ سومرو، حفضہ کوثر اور ایشا سلیم شہید ہوئی تھیں جبکہ طالبعلم حیدر، طالبہ ملائکہ اور سحر سلیم نے دوران علاج جام شہادت نوش کیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خضدار میں بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی، ان معصوم بچوں کے خون کا حساب فتنہ الہندوستان اور ان کے ہندوستانی آقاؤں سے لیا جائے گا۔

سانحہ خضدار میں شہید بچی شیما کی نماز جنازہ خضدار میں ادا کردی گئی، شہید بچی اے پی ایس میں جماعت ششم کی طالبہ تھی، جسے کھیرہ ڈوری کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

شیما کی نماز جنازہ میں سول افسران، سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، قومی پرچم میں لپٹی شیما کیلئے ہر آنکھ اشکبار تھی، نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر خضدار، ڈی سی سوراب اور اے سی خضدار شریک تھے۔