سنگاپور (ٹی این ایس)(آئی پی ایس) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد جنگ کے امکانات خطرناک حد تک بڑھ گئے۔ جنوبی ایشیا میں تنازعات کبھی بھی بے قابو ہوسکتے ہیں۔
سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ سے خطاب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ کہ جنوبی ایشیا میں بہت سے تنازعات ہیں جو کبھی بھی بے قابو ہوسکتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں کشمیر حل طلب تنازع ہے، نظریاتی یا علاقائی اختلافات کو دبانے سے انہیں حل نہیں کیا جاسکتا۔
جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ ایشیا پیسیفک21 ویں صدی کا جیو پالیٹیکل کاک پٹ بن چکا ہے، کرائسس مینجمنٹ میکنزم آج بھی ادارہ جاتی سطح پر غیرمساوی ہے، جنوبی ایشیا کو ایشیا پیسیفک استحکام کی بات چیت سے الگ نہیں کرناچاہیے، عدم اعتماد کی فضا میں کوئی میکنزم کام نہیں کرتا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ صرف متنازع علاقے میں نہیں بلکہ پورے ہندوستان اور پورے پاکستان میں دونوں ممالک کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو تجارت اور ترقی کی ضروریات ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہندوستانی پالیسز اور انتہا پسند سوچ کے مد نظر کرائسز مینجمنٹ میکانزم کے پاس شاید وقت نہیں بچے گا اور عالمی طاقتیں مداخلت کرپائیں گی نہ ہی اثر انداز ہوسکیں گی، وہ تباہی اورنقصان کو روکنے میں بہت دیر کرچکی ہوں گی۔