اسلام آباد، 17 جون 2025 (ٹی این ایس):ایبٹ آباد پبلک سکول کے سابق طلباء کی ایسوسی ایشن کے وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔
ملاقات کے دوران اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایبٹ آباد پبلک سکول کی علمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک کے نامور تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور اس کے فارغ التحصیل طلباء آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اعلیٰ عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس ادارے کو پاکستان کی علمی، اخلاقی اور قائدانہ روایات کا امین قرار دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو پارلیمان کے قانون سازی کے عمل، ایوان کی کارروائی اور پارلیمانی نظام کے اہم پہلوؤں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیاں پارلیمنٹ کا ایک ناگزیر اور فعال جزو ہیں جہاں تمام اہم قومی امور پر بحث و مباحثہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے مختلف کاکسز قائم کیے ہیں جن میں ویمن پارلیمنٹری کاکس، چائلڈ کاکس، ینگ پارلیمنٹرینز فورم اور ایس ڈی جیز ٹاسک فورس شامل ہیں۔ ان کاکسز کے قیام کا مقصد خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا اور انہیں پالیسی سازی میں شامل کرنا ہے۔ اسپیکر نے مزید بتایا کہ ان کاکسز کو چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ مشترکہ مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اس موقع پر بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 2014 سے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد نوجوان نسل کو قانون سازی کے عمل، پارلیمانی امور اور جمہوری اقدار سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی رہنمائی و تربیت اولین ترجیح ہے۔
وفد نے اسپیکر سردار ایاز صادق کی پارلیمانی خدمات، بالغ نظری اور غیرجانبدارانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے پر اسپیکر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وفد نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی بھی دیکھی اور پارلیمانی ماحول کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ وفد کے ارکان نے اس تجربے کو نہایت معلوماتی، حوصلہ افزا اور سبق آموز قرار دیا۔