اسلام آباد، 17 جون 2025 (ٹی این ایس) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پرتگال کے قومی دن کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد میں پرتگال کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پرتگال کے سفیر فریڈریکو پنہیرو دا سلوا نے اسپیکر قومی اسمبلی کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور اُن کی شرکت کو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ کی علامت قرار دیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز پرتگال اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا جس کے بعد پرتگال کے قومی دن کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر پرتگالی عوام، حکومت اور پارلیمان کو پرتگال کے قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور اُن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوستانہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات موجود ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ تعلیم، تجارت، ثقافت اور پارلیمانی سفارتکاری کے شعبوں میں مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، مختلف ممالک کے سفراء، اعلیٰ حکام، ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی، جو پاکستان اور پرتگال کے مضبوط اور متحرک دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہے۔
اس موقع پر پرتگالی سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا