کراچی (ٹی این ایس) کراچی چیئرمین اورنگی ٹاؤن حاجی جمیل ضیاء نے وائس چیئرمین عفان صغیر صدیقی، میونسپل کمشنر آغا فہد اور دیگر افسران کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی کا مالی سال 2025-2026 کے لیے تیسرا ترمیم شدہ اور مجوزہ بجٹ پیش کیا جس کا مجموعی حجم 1 ارب 60 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے۔ یہ بجٹ ایک متوازن مالیاتی منصوبہ ہے جس میں ترقیاتی کاموں کے لیے 29 فیصد یعنی 43 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ غیر ترقیاتی مصارف کا تناسب 71 فیصد یعنی 1 ارب 7 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ بجٹ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت شریف سے ہوا، جس کے بعد چیئرمین نے بجٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ محدود فنڈز کے باوجود ہم نے کوشش کی ہے کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ایک متوازن بجٹ پیش کریں۔ چیئرمین کے مطابق سندھ حکومت سے اوزی ٹی (Octroi Zila Tax) کی مد میں 1 ارب 8 کروڑ روپے، پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 10 کروڑ، اندرونی ذرائع سے 10 کروڑ 70 لاکھ، ایم یو ٹی سے 14 کروڑ، جبکہ حکومت سندھ سے خصوصی گرانٹ کی مد میں 30 کروڑ روپے اور واجبات کی ادائیگی کی مد میں 16 کروڑ روپے کی وصولی متوقع ہے۔ مجوزہ مصارف میں ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 90 کروڑ روپے، دیگر مصارف کے لیے 15 کروڑ 16 لاکھ، مرمت و درستگی کے لیے 2 کروڑ 4 لاکھ، بی اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کے تحت عام ترقیاتی کاموں کے لیے 10 کروڑ، جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 7 کروڑ، چیئرمین کے صوابدیدی ترقیاتی کاموں بشمول اسپورٹس کمپلیکس کے لیے 2 کروڑ 20 لاکھ روپے، ایم اینڈ ای انجینئرنگ، پارکس ڈیپارٹمنٹ، اور کیپیٹل اخراجات کے لیے بالترتیب 4 کروڑ، 4 کروڑ، اور 50 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹاؤن کی 8 یونین کمیٹیوں کی تجاویز پر 8 کروڑ اور مخصوص نشستوں کی تجویز پر ترقیاتی اسکیموں کے لیے 80 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ ملازمین کی دوران ملازمت وفات کی صورت میں امداد کے لیے 50 لاکھ اور ناگہانی آفات سے نمٹنے کے لیے 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ چیئرمین نے بجٹ منظوری پر اراکین کونسل اور اپوزیشن لیڈر زاہد اقبال کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ بجٹ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جسے میونسپل کمشنر آغا فہد، چیف اکاؤنٹ آفیسر اعجاز قدیر اور ان کی ٹیم نے شب و روز محنت سے تیار کیا۔ اپوزیشن لیڈر زاہد اقبال نے یوسی 1 کے چیئرمین عامر بھٹو کی شہادت پر ایصالِ ثواب کے لیے دعا کرائی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ بجٹ کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
















