پانچ برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کا پانچویں روز بھی احتجاج، 2012ء کے ٹیچرز کا علامتی جنازہ نکالا اور گلے میں سوکھی روٹیاں ڈالیں

 
0
396

کراچی،ستمبر 16 ( ٹی این ایس): گزشتہ پانچ برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کا احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا ،اساتذہ نے اس موقع پر 2012ء کے ٹیچرز کا علامتی جنازہ بھی نکالا ،خواتین و مرد اساتذہ نے گلے میں سوکھی روٹیاں بھی ڈال رکھی تھیں ۔

تفصیلات کے مطابق نیو ٹیچر ز ایکشن کمیٹی اور ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے تحت سال2012ء میں بھرتیوں کے بعد سے ابتک تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف کراچی پریس کلب پر اساتذہ کا احتجاج آج اتوار کو چھٹے روز میں داخل ہو جائے گا۔ اساتذہ کی بڑی تعدا د نے پریس کلب میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں گذشتہ روز بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا ۔احتجاجی اساتذہ کی قیادت نیو ٹیچر ز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو ،محمد افضل کوریجو، ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ظہیر بلوچ اور دیگر کر رہے تھے۔ اس موقع پر اساتذہ نے ہم چھین کے رہیں گے سیلری ،ہے حق ہمارا سیلری،ہمیں تنخواہ چاہیے ،جاری کرو جاری کرو ہماری تنخواہیں جاری کرو کے فلگ شگاف نعرے لگا رہے تھے، اساتذہ نے روٹی کپڑا اور مکان چھین رہا ہے حکمران کے درجنوں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے ۔ نعرے بازی کے بعد 2012ء کے ٹیچرز کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا ۔اس دوران قومی عوامی تحریک کے چیئرمین ایاز لطیف پلیجو نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور اساتذ ہ کے مسائل بھی سنے جس کے بعدقومی عوامی تحریک کے چیئرمین ایاز لطیف پلیجو نے گذشتہ پانچ برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہیں روک کرسندھ حکومت نے اساتذہ اور ان کے بچوں کی حق تلفی کی ہے ،تنخواہ کرپٹ وزیرو ں اور وڈیروں کی اساتذہ پر مہربانی نہیں بلکہ ان کا فرض ہے ۔

اس موقع پر احتجاجی اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی عوامی تحریک کے چیئرمین ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ تنخواہیں روک کرسندھ حکومت نے اساتذہ اور ان کے بچوں کی حق تلفی کی ہے ،تنخواہ کی ادائیگی کرپٹ وزیرو ں اور وڈیروں کی اساتذہ پر مہربانی نہیں بلکہ ان کا فرض ہےایاز لطیف پلیجو نے اعلی عدلیہ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا رکیں بصورت دیگر یہ لوگ سڑکوں پر نکل کر اپنا حق لینے پر مجبور ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ مستقل مزاجی سے ڈٹے رہیں اور ہائی کورٹ کا فورم بھی استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ اور پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے وسائل کیساتھ اساتذہ کی تنخواہیں بھی لوٹ رہی ہے اور ان کی عزت نفس کو مجروح کر رہی ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اساتذہ کے حقوق کیلئے آپ کیساتھ ہیں ۔