این اے 120پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

 
0
397

لاہور ستمبر 17 (ٹی این ایس ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونےوالی قومی اسمبلی کی نشست این اے 120 ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا جس میں حلقہ کے3 لاکھ سے زائد افراد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سےکلثوم نواز جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد،پیپلز پارٹی کے فیصل میر اور جماعت اسلامی کے امیدوار ضیا الدین انصاری سمیت 44 امیدوار میدان میں ہیں۔ تاہم اس مقابلے میں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ میں 220 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 102 مرد، 98 خواتین اور 19 مشترکہ ہیں، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 786 ہے۔ مرد ووٹرز ایک لاکھ 79 ہزار چھ سو 42 اور خواتین ووٹرز کی ایک لاکھ 42 ہزار 144 ہیں۔ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک جاری رہے گی ۔الیکشن کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ہر پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، جبکہ سکیورٹی کے لیے رینجرز اور فوجی اہلکاروں کی مدد حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقے کے 39 پولنگ اسٹیشنوں پر بائیومیٹرک مشینوں کا بھی تجربہ کیا جائے گا۔ بائیومیٹرک مشینوں کا استعمال پہلی با ر تجرباتی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ این اے 120میں بائیو میٹرک مشینوں سے ووٹرز کی تصدیق کے عمل کا تجربہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بائیومیٹرک کا استعمال امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رضا مندی کے بعد کیا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی جماعت کو کوئی بھی شک وشبہ نہ ہو۔الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو پولنگ کے بعد نتائج فوری جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

این اے 120 کے انتخابی معرکہ میں ہونے مبینہ تصادم کے خدشہ میں تمام220 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قراردیایاگیا۔ قومی اخبار کے مطابق پنجاب کے سینئر سیکورٹی آفیشنل کے مطابق کل ہونے والے الیکشن میں تصادم کا کافی خدشہ ہے تاہم اسی لیے 15 علاقے جن میں ساندہ، اسلام پورہ، سنت نگر،کرشن نگر،مزنگ ریواز گارڈن، لٹن روڈ ،افغان پارک،بندروڈ، کریم پارک،چراغ دین روڈ،شارع فاطمہ جناح روڈ، آوٹ فال روڈ اور مومن پورہ کے پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قراردیا ہے۔

تصادم کا ذیادہ خدشہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور ملی مسلم لیگ کے کارکنان کا ہے تاہم اسی حوالے سے سیکورٹی اداروں نےممکنہ گروپس کی نشاندہی کاکام کافی حد تک مکمل کرلیاہے۔ این اے120 میں پہلی سیکورٹی ڈیوٹی پنجاب پولیس ،صوبائی انٹیلی جنس ایجنسی اور وفاقی سویلین خفیہ ادارہ کرینگے جبکہ عسکری انیٹیلی جنس ادارے تمام سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کرینگے جبکہ پولنگ اسٹیشزن کے اندر اور باہر فوج کے ساتھ پولیس تعینات ہوگی اور رینجرز کی ریپڈ فورس تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر پیٹرولنگ اور پولیس کی مدد کرینگی۔