پہلا ٹی ٹونٹی، پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20رنز سے شکست دے دی

 
0
564

لاہور  ستمبر 12 (ٹی این ایس): آزادی کپ کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے ورلڈ الیون کو 20رنز سے ہرا کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ۔قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے مقابلے میں 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور ہاشم آملا نے ورلڈ الیون کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔وکٹ ملنے میں ناکامی پر کپتان سرفراز احمد رومان رئیس کو باﺅلنگ کیلئے لے کر آئے جنہوں نے تمیم اقبال اور پھر ہاشم آملا کو ایک ہی اوور میں آﺅٹ کرکے کپتان کا انتخاب درست ثابت کیا۔

اس موقع پر ٹم پین اور فاف ڈو پلیسی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن جب دونوں بلے باز سیٹ نظر آرہے تھے تو ڈو پلیسی 29 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے،ٹم پین بھی سہیل خان کی گیند پر رومان کو کیچ دے کر پویلین لوٹے،ڈیوڈ ملر نے شاداب کو چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلی گیند پر دوبارہ بڑا شاٹ کھیلے کی کوشش میں سٹمپ ہو گئے۔اس سے قبل پاکستان کے لیے اوپنر فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 2 چوکے لگائے لیکن اسی اوور میں مورنے مورکل کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے،احمد شہزاد اور بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے122رنز کی عمدہ شراکت قائم کی جس کے بعد احمد شہزاد39رنز بنا کر پوویلین لوٹے ،بابر اعظم52گیندوں پر 10چوکو ں اور 2چھکوں کی مدد سے 86رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد عمران طاہر کووکٹ دے کر پوویلین لوٹے،کپتان سرفراز احمد بھی صرف 4رنزبنا سکے۔

شعیب ملک نے جارحانہ ہٹنگ کرتے ہوئے 20گیندوں پر 38رنز بنا کر پاکستان کو مضبوط پوزیشن پر لاکھڑا کیا جس کے بعد عماد وسیم نے آخری اوور میں 2چھکے لگا کر سکور 197رنز تک پہنچایا ۔ورلڈ الیون کی جانب سے پریرا نے 2جبکہ بین کٹنگ ، مورنے مورکل اور عمران طاہر نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔اس سے قبل آزادی کپ کے پہلے ٹی20 میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے اپنے باﺅلر آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ڈو پلیسی کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط ہے اس لیے ہدف کا تعاقب کرنےکی کوشش کریں گے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔