کراچی (ٹی این ایس) کراچی جشنِ آزادی اور “معرکۂ حق” کے سلسلے میں ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے ) کی جانب سے حب الوطنی کے جذبے سے سرشار تقریبات کا انعقاد جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی ہدایت پر سیکرٹری محمد ارشد خان اور پیپلز لیبر یونین کے سرپرست اعلیٰ محمد اشرف نے فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں واقع کے ڈی اے اسکول کا دورہ کیاتقریب کے دوران بچوں کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ننھے طلبہ و طالبات میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ سیکرٹری ارشد خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم سب کو ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ یہی بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں تقریب میں علامتی شجرکاری بھی کی گئی، جس میں محمد اشرف نے اسکول احاطے میں پودا لگا کر سرسبز پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے ڈی اے عمر فاروق، پیپلز لیبر یونین کے عہدیداران، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کو قومی یکجہتی، تعلیمی شعور اور ماحولیاتی بہتری کی بہترین مثال قرار دیا گیا۔















