راولپنڈی (ٹی این ایس) باجوڑ میں خارجیوں کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باجوڑ میں قبائل اور خارجیوں کے درمیان بات چیت میں جان بوجھ کر ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق زمینی حقائق کچھ اس طرح ہیں کہ خوارج باجوڑ میں آبادی کے درمیان رہ کر دہشت گردانہ اور مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔خیبرپختونخوا کی حکومت بشمول وزیر اعلی اور سیکیورٹی حکام نے وہاں کے قبائل کے سامنے 3 نکات رکھے، پہلا نکتہ یہ تھا کہ افغانیوں کی اکثریت پر مشتمل خارجیوں کو باہر نکالا جائے، دوسرا یہ کہ اگر قبائل خوارج کو خود نہیں نکال سکتے تو ایک یا دو دن کے لیے علاقہ خالی کردیں تاکہ سیکیورٹی فورسز ان خوارج کو ان کے انجام تک پہنچا سکیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تیسرا یہ کہ اگر یہ دونوں کام نہیں کیے جاسکتے تو حتی الامکان حد تک غیر ارادی نقصان سے بچیں کیونکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہر صورت جاری رہے گی۔سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ حکومتی سطح پر کوئی بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔













