اسلام آباد (ٹی این ایس)(ایڈیٹر انوسٹی گیشن )پاکستان تحریک انصاف کے متحرک اور جھنگ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلسل چالیس روز غیر حاضر رہے۔
اس دورانیہ میں نا تو کوئی رخصت کی درخواست آئی اور نا ہی وہ خود ایوان میں آئے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق رول 44/1 کے تحت اگر کوئی رکن قومی اسمبلی بغیر کسی اطلاع کے ایوان سے مسلسل چالیس اجلاسوں میں غیر حاضر ہو اور اسپیکر قومی اسمبلی ایوان کو متعلقہ رکن اسمبلی کی غیر حاضری سے متعلق آگاہ کریں گے تو کسی بھی رکن اسمبلی کی قرارداد کے تحت ایوان میں ووٹنگ کروا کر غیر حاضر رکن اسمبلی کی نشست کو خالی قرار دیا جا سکتا ہے ۔
ووٹنگ میں حاضر ارکان حصہ لے سکتے ہیں اور اکثریت ارکان کی رائے کا حتمی تصور کیا جائے گا ،، پانچ اگست کے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ شیخ وقاص اکرم ایوان سے مسلسل چالیس روز سے غیر حاضر ہیں جس کے بعد رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار نے ایوان میں شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کی قرارداد پیش کی جس پر گیارہ اگست کو ووٹنگ ہونے کا امکان ہے۔













