پشاور (ٹی این ایس) نو منتخب وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم رات سے ہی پشاور میں موجود ہے، بیرسٹر علی ظفر، نعیم حیدر پنجھوتا اور دیگر رہنما پشاور میں موجود ہیں نئے وزیر اعلی کا آج ہی پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا امکان ہے جب کہ تحریک انصاف کے صوبائی صدر وکلا کے ہمراہ پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے۔ذرائع نے کہا کہ نو منتخب وزیر اعلی چیف جسٹس کو خط لکھیں گے، وہ ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے خط چیف جسٹس کو ارسال کریں گے، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی کو بھی حلف لینے کا حکم دے سکتا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفرنے کہا کہ ہماری لیگل ٹیم حلف کے حوالے سے پیٹیشن تیار کررہی ہے، گورنر کے پی اگر حلف لینے سے منع کرتے ہیں تو فوری طور پر پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر گورنر منع کریں گے تو چیف جسٹس سے حلف لینے کی درخواست کریں گے، ہم پیٹیشن تیار کر رہے ہیں اگر حلف لینے سے منع کیا جاتا ہے تو فورا پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ گورنر کے پی کے فیصل کریم آئینی ذمہ داری نبھائیں گے۔













