لاہور، اسلام آباد، کراچی (ٹی این ایس)(آئی پی ایس )ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا آغاز ہو گیا، امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، طبی حکام بھی موقع پر موجود ہیں۔ملک کے 188 سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ہو رہا ہے
ملک میں 35 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک بین الاقوامی مرکز ریاض میں قائم کیا گی،پنجاب میں 46، سندھ میں 17، خیبرپختونخوا میں 11، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں1، 1 نجی میڈیکل کالج ہے، اسی طرح خیبرپختونخوا میں 6، پنجاب میں 25 اور سندھ میں 12 نجی ڈینٹل کالجز کام کر رہے ہیں۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام پنجاب کے 12 شہروں میں ایم ڈی کیٹ امتحان شروع ہوگیا، ایم ڈی کیٹ امتحان میں صوبے بھر سے 50,461 امیدوار شریک ہیں، امیدواروں میں 36,702 لڑکیاں اور 13,759 لڑکے شامل ہیں، لاہور سمیت 12 شہروں میں 27 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقاد کے موقع پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے امتحانی مراکز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی، امتحانی پرچے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور پولیس کی کڑی نگرانی میں امتحانی مراکز پر پہنچائے گئے۔ایم ڈی کیٹ امتحان میں 3,263 سکول ٹیچرز بطور نگران فرائض انجام دے رہے ہیں، ہائر ایجوکیشن کے 165 ٹیچرز کو سپرنٹنڈنٹ اور 347 کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ تعینات کیا گیا، تمام عملے کو سپیشل برانچ کی کلیئرنس کے بعد تعینات کیا گیا۔













