راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے اقدامات کے جائزہ کے لئے صوبائی وزرائے صحت آج  دورہ کریں گے

 
0
500

لاہور،ستمبر 20(ٹی این ایس):  وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر برائے سپیشلائزڈہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق اور وزیرپرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر اسلام آباد میں ڈینگی کی روک تھام کے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے آج  راولپنڈی پہنچیں گے اور چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر حکام کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔

 وفاقی حکام کے ساتھ اجلاس مںی ڈینگی کی روک تھام کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور اسلام آباد میں ڈینگی لاروا رپوٹنگ اورمریضوں کی جیوٹیگنگ کے میکنزم کومضبوط بنانے کے اقدامات زیرغور آئیں گے۔یہ بات صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ ، لارڈ مےئر لاہور، سیکرٹری سپیشلائز ڈ ہیلتھ کےئر نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان خان سمیت متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز ، ایڈیشنل سیکرٹیریز ، سینئر افسران ، پروفیسر فیصل مسعود، PITB، سپیشل برانچ کے افسران نے شرکت کی جبکہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ہیلتھ نے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان نے ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ڈینگی لاروا اورمریضوں کی جیوٹیگنگ ڈیش بورڈ پر نہیں ہورہی وہاں ڈینگی سرویلنس کے موثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کوپھیلنے سے روکا جاسکے۔صوبائی وزراء انسدادڈینگی کی سرگرمیوں میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کردار کوبڑھانے اوراسلام آباد کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج اوررپورٹنگ کے بارے معاملات پر بات کریں گے۔خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسدادڈینگی کی سرگرمیوں میں لوکل گورنمنٹ بلدیاتی اداروں کی سرگرمیوں میں اضافہ کرے اور منتخب بلدیاتی نمائندوں ، یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اورلارڈمیئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید کو آن یورڈلیا جائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری محکمے ڈینگی سرویلنس اور انسداد ڈینگی کے دیگر اقدامات کے حوالے سے اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کریں ۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ذرا سی کوتاہی یا غفلت صورتحال کو خراب کرسکتی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے سپیشل برانچ کی رپورٹ میں سورپوائنٹس کی نشاندہی کے باوجود متعلقہ محکموں کی جانب سے ان شکایات کو دور کرنے میں سست رفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ جن محکموں کی کارکردگی سست ہے ان کو ناراضی کے خطوط لکھے جائیں گے۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پریزنٹیشن تیار رکھیں کہ  وزیراعلی پنجاب خود بھی کسی دن ڈینگی اجلاس طلب کرسکتے ہیں۔