اسلام کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مذہب قرار نہیں دیا جاسکتا ،پاپائے اعظم

 
0
505

ویٹی کن سٹی ستمبر 21(ٹی این ایس)رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل الشیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی نے ویٹیکن کے سرکاری دورے کے دوران پاپائے اعظم پوپ فرانسیس سے ملاقات کی۔عرب ٹی وی کے مطابق دونوں مذہبی رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ دلچسپی کے امور، دنیا میں قیام امن بالخصوص ویٹیکن اور اسلامی دنیا کے درمیان تعواون کے فروغ، محبت اور روا داری کے کلچر کے فروغ اور بقائے باہمی کے اصول کو اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل نے پاپائے روم کے اسلام کے بارے میں منصفانہ خیالات بالخصوص انتہا پسندی اور تشدد کو اسلام سے جوڑنے کی سازشوں کو مسترد کیے جانے کے موقف کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا تعلق کسی ایک مذہب کے ساتھ نہیں اور نہ ہی اسلام کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مذہب قرار دیا جاسکتا ہے۔دونوں رہ نماؤں نے ایک دوسرے کو یاد گاری تحائف بھی دیے۔ رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری جنرل نے انہیں اسلامی تہذیب کا ایک ماڈل تحفے میں پیش کیا جو اس بات کی علامت ہے کہ اسلام دوسری تہذیبوں کا دشمن نہیں بلکہ دیگر تمام ادیان اور تہذیبوں کے ساتھ مل کر چلنے کی تاکید کرتا ہے۔ پوپ فرانسیس کی جانب سے ڈاکٹر العیسیٰ کو 500 سالہ پرانا قلم اور یادگاری میڈل تحفے میں پیش کیے۔