امریکا سے تجارتی کشیدگی میں کمی ،چین کانئی اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان 

 
0
473

بیجنگ،11اپریل(ٹی این ایس)چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی خدشات میں کمی کے لیے ملکی اقتصادی پالیسیوں میں اصلاحات متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔گاڑیوں کی درآمد پر عائد ٹیکس میں کمی اور حقوق دانش سے متعلق پالیسیوں میں مضبوطی کا عندیہ دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی صوبے ہائی نان میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شی نے کہا کہ ان کا ملک غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مزید آسان پالیسیاں متعارف کرائے گا۔چینی صوبے ہائی نان میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شی نے کہا کہ گاڑیوں کی درآمد پر عائد ٹیکس میں کمی کرنے، مزید منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے لیے بہتر اور آسان شرائط جیسی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے تاہم چینی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ان ضوابط پر کب سے عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ وہ سرمایہ کاری کے لیے ایک ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں، جس میں املاک دانش سے متعلقہ حقوق کا بھی مزید خیال رکھا جائے گا۔ چینی صدر نے مغربی ممالک کے ان سرمایہ کاروں کے خدشات بھی دور کرنے کی کوشش کی، جن کا کہنا تھا کہ چین میں مشترکہ ملکیتی کاروباری اداروں میں انہیں غیرمنصفانہ چینی قوانین کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صدر شی کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اضافی ملکیتی حقوق کی فراہمی کے لیے جلد از جلد قوانین میں تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ چین کی طرف سے ان اعلانات کے ساتھ ہی ایشیا اور دیگر بڑی بین الاقوامی تجارتی منڈیوں میں بہتری آئی ہے۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان اعلانات کے بعد دنیا کی دو بڑی معیشتوں چین اور امریکا کے مابین تجارتی کشیدگی میں کس قدر کمی ہو گی؟