اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم میٹنگ میں اہم مقدمات کی تفتیش

 
0
28

اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی سید علی ناصر رضوی کی سینئر پولیس افسران کے ساتھ اہم میٹنگ میں اہم مقدمات کی تفتیش، مربوط پراسیکیوشن، فورس کے انتظامی امور، پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور شہریوں کی حفاظت و سہولت کے لئے موثر اقدامات کا تفصیلی جائزہ،اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، اے آئی جی لاجسٹکس عبد الحق عمرانی، اے آئی جی آپریشنز شعیب مسعود، اے آئی جی انوسٹی گیشن سید عنایت علی شاہ اور اے آئی جی لیگل کاظم نقوی نے شرکت کی۔ آئی جی نے تفتیشی امور، تفتیشی عمل میں بہتری، مقدمات کی بروقت تکمیل اور عدالتی پیروی کے نظام کے حوالے سے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ہائی پروفائل مقدمات سمیت تمام کیسز کی تفتیش جدید، سائنسی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے بہتر طریقے سے پورے ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شواہد کے حصول، فرانزک معاونت، ڈیجیٹل ڈیٹا اینالیسس اور سیف سٹی مانیٹرنگ کو تفتیش کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی موثر پیروی یقینی بنائی جائے تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دلائی جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ ناقص تفتیش، تاخیر یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام تفتیشی مراحل کی مانیٹرنگ سخت معیار کے مطابق کی جائے گی۔ انہوں نے پولیس افسران کی فلاح و بہبود، شہریوں کی سکیورٹی اور عوامی سہولت کے لئے جاری اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد نے پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے، دستیاب وسائل کے مو¿ثر استعمال اور لاجسٹک سپورٹ کے بہتر انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کو درکار سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔ آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور اصلاحات کے ذریعے عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ شہریوں کو ہر فورم پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کا قیام، جرائم کا سدباب اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔