اسلام آباد (ٹی این ایس)— سعودی عرب کی معروف کم لاگت ایئرلائن فلائی ایڈیل (فلائی اڈیل) نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیتے ہوئے آج اسلام آباد کے ایک نجی ٹاور میں اپنے نئے آفس کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ ربن کٹنگ تقریب میں ایئرلائن کے اعلیٰ حکام، بزنس کمیونٹی اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلائی ایڈیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر اسٹیون گرین وے نے کہا کہ پاکستان میں فلائی ایڈیل کا تجربہ نہایت کامیاب اور حوصلہ افزا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مسافروں کی جانب سے ملنے والا مثبت ردِعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ فلائی ایڈیل کی خدمات کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایئرلائن مستقبل قریب میں پاکستان کے مزید شہروں سے پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس موقع پر فلائی ایڈیل کے ہیڈ آف سیلز، فارو ق صلاح الدین احمد نے کہا کہ فلائی ایڈیل ایک نئی مگر متحرک ایئرلائن ہے، جس کی اولین ترجیح اپنے مسافر ہیں۔ ان کے مطابق ایئرلائن کم لاگت کے تحت بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے، جبکہ فلائی ایڈیل کی دو نمایاں خصوصیات مناسب کرایے اور وقت کی پابندی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فلائی ایڈیل جلد ہی مدینہ منورہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز بھی کرنے جا رہی ہے، جس سے پاکستانی عوام بالخصوص عمرہ و زیارت کے خواہش مند افراد کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔
تقریب کے دوران فلائی ایڈیل کے پاکستان کے جنرل سیلز ایجنسی (GSA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نبیل ظفر شیخ اور چیف آپریٹنگ آفیسر منیر صدیقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں فلائی ایڈیل کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک اور مسافروں کے اعتماد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں نئے آفس کے قیام سے ایئرلائن کی سیلز، آپریشنز اور کسٹمر سروس کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔
فلائی ایڈیل کے نئے اسلام آباد آفس کے افتتاح کو پاکستان میں ایئرلائن کی طویل المدتی حکمتِ عملی کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مسافروں کو عالمی معیار کی کم لاگت فضائی سہولیات فراہم کرنا ہے۔













