اسلام آباد (ٹی این ایس) :کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے پلاننگ وِنگ، ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز نے خیابان ِکشمیر ہاؤسنگ اسکیم، زون فائیو اسلام آباد (اسپانسرڈ بائی جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی) اور گلبرگ ریزیڈینشیا ہاؤسنگ اسکیم، زون فائیو (اسپانسرڈ بائی آئی بی ای سی ایچ ایس) کے مجوزہ انضمام کے معاملے پر اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق معزز ڈیوٹی/ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج (ویسٹ) اسلام آباد کی جانب سے 2 جنوری 2026 کو اسٹے آرڈر معطل کیے جانے کے بعد دونوں اسپانسر سوسائٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ تمام احکامات، خطوط اور ہدایات پر حرف بہ حرف عمل یقینی بنائیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی عدم تعمیل کی صورت میں سی ڈی اے آرڈیننس 1960 اور متعلقہ ضوابط کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی ڈی اے نے مزید ہدایت کی ہے کہ دونوں سوسائٹیز مشترکہ طور پر مجوزہ انضمام کے تمام پہلوؤں پر مشتمل ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کریں، جس میں مالیاتی ماڈل اور جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ممبران کے حقوق کے تحفظ سے متعلق امور خصوصی طور پر شامل ہوں۔یہ مشترکہ تفصیلی پریزنٹیشن پیر 5 جنوری 2026 کو سہ پہر 4 بجے سی ڈی اے کے کانفرنس روم میں پیش کی جائے گی۔













