اسلام آباد (ٹی این ایس) ویون گروپ کی ڈیجیٹل اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے موبی لنک بینک میں 20 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری
عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ (ویون گروپ) نے پاکستان میں موبی لنک بینک کی ترقی اور ڈیجیٹل اسلامی بینکنگ کے فروغ میں معاونت کے لیے 20 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ سرمایہ کاری جنوری 2025 میں ویون گروپ کی جانب سے فراہم شدہ 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تسلسل ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے اعلان سے موبی لنک بینک کی تیزرفتار ترقی، اور اس کے مربوط ڈیجیٹل مالیاتی نظام جاز کیش پر ویون گروپ کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کا ڈیجیٹل بینکنگ اور مائیکروفنانس کا شعبہ تیزی سے وسعت اختیار کر رہا ہے۔
موبی لنک بینک، ویون گروپ (ویون گروپ) کا حصہ ہے۔ یہ ایک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ہے جو 150 ملین سے زائد صارفین کو کنکٹویٹی جبکہ 140 ملین سے زائد ماہانہ صارفین کو ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے۔ ویون گروپ (Nasdaq:VEON) نصداق ایکسچینج میں ایک رجسٹرڈ کمپنی ہے جو پانچ ممالک میں کام کرتی ہے اور یہ دنیا کی آبادی کا چھ فیصد حصہ ہیں۔
یہ سرمایہ موبی لنک بینک کے چھوٹے و درمیانی کاروبار سے متعلق (ایم ایس ایم ای فنانسنگ) پورٹ فولیو کو وسعت دینے، اسلامی بینکنگ کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے، اور اسے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈیجیٹل بینک کے طور پر آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ، بینکنگ سہولیات سے محروم افراد بالخصوص چھوٹے پیمانے پر کاروباری افراد اور خواتین کے لیے باقاعدہ مالیاتی رسائی بڑھانے پر توجہ برقرار رکھی جائے گی۔
یہ سرمایہ کاری ویون گروپ کی وسیع تر ڈیجیٹل حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور منظم سرمایہ کاری کے ذریعے مالیاتی نظام کو مستحکم اور دیرپا اثرات کا حامل بنانا ہے۔ اس حکمتِ عملی کے تحت موبی لنک بینک پاکستان کے بدلتے ہوئے مالیاتی شعبے میں ایک نمایاں مقام حاصل کررہا ہے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ویون گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور موبی لنک بینک کے چیئرمین عامر ابراہیم نے کہا، ”ویون کی جانب سے مسلسل سرمایہ کاری پاکستان کے ساتھ ہمارے طویل مدتی عزم کو سامنے لاتی ہے اور ملک کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں قابل ذکر تبدیلی کے تسلسل پر ہمارے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ اس سے موبی لنک بینک اور جاز کیش کو اپنی حکمتِ عملی پر موثر عملدرآمد، مضبوط ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، اور جامع و پائیدار ڈیجیٹل بینکنگ کے فروغ میں مدد ملے گی۔”
موبی لنک بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری نے کہا، ”یہ سرمایہ کاری شرعی اصولوں کے مطابق اسلامی بینکنگ کی سہولیات کو تیزی سے پھیلانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جس سے چھوٹے کاروباروں کو اپنے کیش فلو کو باضابطہ بنانے، باقاعدہ کریڈٹ تک رسائی حاصل کرنے، اور طویل مدتی مالی استحکام پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔ ایک جدید ڈیجیٹل بینک کے طور پر، ہماری توجہ عملی اور ٹیکنالوجی سے آراستہ مالی حل فراہم کرنے پر مرکوز ہے تاکہ کاروباری افراد خصوصاً خواتین اور بینکنگ سہولیات سے محروم افراد کو بااختیار بنایا جائے۔”
موبی لنک بینک کا بڑھتا ہوا ڈپازٹس کا حجم اور چھوٹے و درمیانی کاروبار (ایم ایس ایم ای) کا قرضہ جاتی پورٹ فولیو چھوٹے کاروباروں کو غیر رسمی نقدی کے استعمال سے نکال کر باقاعدہ بینکاری نظام کی طرف لانے میں مدد دے رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، خواتین کے لیے خصوصی مالیاتی مصنوعات اور گرین فنانسنگ کے اقدامات پاکستان کو درپیش ماحولیاتی اور معاشی چیلنجز کے باوجود جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دے رہے ہیں۔
موبی لنک بینک، جاز کیش کے اشتراک سے 57 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے، اسے ملک بھر میں ایک ملین سے زیادہ مرچنٹس اور ایجنٹس کے وسیع نیٹ ورک کا تعاون حاصل ہے جن کی بدولت یہ پاکستان کے نمایاں ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ اس سال کے دوران جاز کیش کے ذریعے 15 کھرب روپے سے زائد کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، جو پاکستان میں فن ٹیک کے مضبوط نظام، مالی شمولیت، سماجی ترقی، اور ڈیجیٹل جدت میں اس کے مؤثر کردار کو نمایاں کرتی ہیں۔













