.اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلامی جمہوریہ ایران کے پاکستان ,اسلام آباد میں سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نئے سال 2026 کے پُرمسرت موقع پر حکومتِ پاکستان اور برادر عوام کو دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیاہے۔
اپنے پیغام میں ایرانی سفیر نے پاکستان کے لیے صحت، خوشحالی اور کامیابی کی دعا کرتے ہوئے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان گہرے اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
ایرانی سفیر نے اپنے پیغام میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، وفاقی کابینہ کے اراکین، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین کی جانب سے پاک–ایران تعلقات کو فروغ دینے، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے اور باہمی تعاون کے لیے مضبوط سیاسی عزم کو سراہا۔
ایرانی سفیر کے مطابق ان کوششوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو نئی تاریخی بلندیوں تک پہنچایا۔
ایران کے سفیر نے پاکستانی افواج اور سکیورٹی اداروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے مشترکہ سرحدوں پر سلامتی اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا، بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں۔ انہوں نے ان قربانیوں کو علاقائی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ سال 2025 پاک–ایران دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک انتہائی کامیاب اور یادگار سال ثابت ہوا۔ دونوں ممالک کی قیادت کے پختہ عزم، سرکاری اداروں کی مسلسل کاوشوں اور عوام کے صبر و حمایت کے باعث تعلقات نے غیر معمولی ترقی کی۔
ایران کے سفیر نے بتایا کہ اس دوران دونوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر بھی ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی۔
پاکستان اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، جہاں وہ علاقائی امن، عالمی تعاون اور انسانی مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کرتا ہے۔ اسلام آباد کی سفارتی سرگرمیاں جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان روابط کے لیے بھی اہم سمجھی جاتی ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور اس کے عوام بارہ روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی مضبوط اور اصولی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے نئے مواقع لے کر آئے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
آخر میں ایران کے سفیر نے ایک بار پھر نئے سال 2026 کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا:“پاکستان، تشکر، تشکر”












