اسلام آباد (سہ پہر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن سید خالد ہمدانی نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی عوامی مسائل کے فوری ازالے، شفاف پولیسنگ اور بلاامتیاز احتساب کے عزم کے ساتھ فتح جنگ کے ٹی ایم اے ہال میں ایک پرہجوم کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری کے دوران عوامی شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار موارہن خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
فتح جنگ آمد پر تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے آر پی او راولپنڈی کا پرتپاک استقبال کیا۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے سید خالد ہمدانی نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بحالی پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان، ایس پی ہیڈکوارٹر سردار بابر ممتاز خان، تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود، ایس ایچ او طاہر اقبال خان، انسپکٹر جنید اقبال، انسپکٹر تیمور علی خان زئی، انسپکٹر ملک نعیم، ایس ایچ او ملک منور خان، عمائدین علاقہ ملک نصرت ماجھیا، نمبردار زردار خان، رستم خان، مبشر گجر، ضلع بھر کے پولیس افسران، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کھلی کچہری میں پہلی مرتبہ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور براہِ راست اپنی شکایات آر پی او کے سامنے پیش کیں۔
کھلی کچہری کے دوران سابق چیئرمین حاجی اعظم پسوال نے فتح جنگ شہر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے سکیورٹی کیمرے فراہم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ سٹی ناظم ملک خالد نے ٹریفک نظام کی بہتری کی جانب توجہ دلائی۔ آر پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام کو بلاواسطہ انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری، شفاف اور قانونی حل یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے شہریوں کی شکایات کو بغور سنا اور متعلقہ افسران کو فوری ازالے کے واضح احکامات جاری کیے۔
آر پی او راولپنڈی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور مقررہ مدت میں ان کا حل یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال، غفلت یا بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ قائم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جو صرف دیانت داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل سے ہی ممکن ہے۔
بعد ازاں ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی نے ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان، ایس پی انویسٹی گیشن زینب ایوب اور ایس پی ہیڈکوارٹر سردار بابر کے ہمراہ تھانہ فتح جنگ اور تھانہ قطبال (نیو ائیرپورٹ) کا تفصیلی دورہ کیا۔ تھانہ جات کے فرنٹ ڈیسک، کوت، حوالات اور دفاتر کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا اور صفائی، نظم و ضبط اور ریکارڈ کی بہتری سے متعلق فوری ہدایات جاری کی گئیں۔
آر پی او راولپنڈی نے تھانہ عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ تھانہ آنے والا ہر شہری عزت، وقار اور خوش اخلاقی کا مستحق ہے۔ شہریوں کے مسائل کے فوری اور قانونی حل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ کسی بھی سطح پر بدسلوکی یا غیر پیشہ ورانہ رویہ ناقابل قبول ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اسٹیشن عوامی خدمت کے مراکز ہیں، طاقت کے مظاہر یا رکاوٹ کی علامت نہیں۔













