نواز شریف، آصف زرداری اور حمزہ شہباز آزاد عدلیہ کے احکامات پر گرفتار کئے گئے، کیسز پی ٹی آئی نے نہیں پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے کے خلاف درج کئے تھے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد جون 11 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں احتساب کی مضبوط بنیاد رکھنے کا وعدہ پورا کردیا ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور حمزہ شہباز آزاد عدلیہ کے احکامات پر گرفتار کرلئے گئے ہیں، گرفتاریاں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی ہیں اور اس کے پیچھے کوئی سیاسی مقاصد کار فرما نہیں، کیسز پی ٹی آئی نے درج نہیں کئے تھے بلکہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) نے ایک دوسرے کے خلاف درج کئے تھے، عمران خان کی حکومت نے کرپٹ عناصر کا احتساب کرنے کیلئے محض اداروں کو ساز گار ماحول فراہم کیا ہے۔
منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے خلاف احتساب کیلئے ایک سازگار ماحول دیا ہے، سسٹم کا احتساب جاری ہے اور آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف نے 26 ملین ڈالر باہر بھیجے، پہلے پیسے باہر بھیجے گئے پھر واپس لائے گئے، مضبوط احتساب ہو رہا ہے، سیاسی انتقام نہیں ہے، سارا پیسہ 25 اکائونٹس کے ذریعے باہر جا رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے ووٹ کو عزت دی لیکن ان لوگوں نے عوام کو فائدہ نہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بجٹ پر تنقید کر رہی ہے، صرف کرپٹ ہی بجٹ پر تنقید کرتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پانچ ہزار اکائونٹ ایف آئی اے نے چیک کئے جبکہ سارا پیسہ 31 اکائونٹس میں جا رہا تھا۔ سندھ کے غریب لوگوں کا پیسہ مختلف ممالک میں جا رہا ہے اور (ن) لیگ کا سارا پیسہ لندن جا رہا تھا جو پیسہ پاکستان کی غربت کو ختم کرنے کیلئے آنا تھا وہ لندن کے بینکوں میں گیا۔