اسلام آباد (ٹی این ایس) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت ، بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ

 
0
3

اسلام آباد (ٹی این ایس)  حکومت پاکستان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے تاہم یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔ اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ حکومت پاکستان کی ہدایات اور قومی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے دیگر تمام میچز میں شرکت کرے گی اور ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی برقرار رہے گی تاہم بھارت کے خلاف میچ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ حتمی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ٹورنامنٹ انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جارہا ہے جبکہ معاملے پر آئندہ لائحہ عمل آئی سی سی قوانین کے تحت طے کیا جائے گا اس اعلان نے آئی سی سی اور عالمی کرکٹ حلقوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔پاکستان کے اس سخت فیصلے کے بعد آئی سی سی کے لیے ٹورنامنٹ کے شیڈول کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق، اگر پاکستان اپنے فیصلے پر قائم رہتا ہے تو اس سے ایونٹ کی ریٹنگز اور کمرشل ریونیو کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اب برابری کی سطح پر کرکٹ کھیلنے کا حامی ہے اور یکطرفہ رویوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری کرے گی لیکن بھارت کے خلاف میدان میں نہیں اترے گی۔