اسلام آباد (ٹی این ایس) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی کی ہدایت پرسید ندیم منصورصدر اسلام آباد این اے 47سابق امیدواربرائے ایم این اے نے زاہد ملک،متین خان عتیق الرحمان محمد ذیشان،راجہ آفتاب،وجہات،ڈاکٹر صفیہ ودیگر کے ہمراہ یو سی 7,78,77اسلام آباد کے ممبران شوکت حیات ، سرد ارحنیف،رضوان،وقاص،اسماعیل،شوکت حسین، اقبال،ذاکر حسین،خضر عباسی،زیب عباسی ودیگر کے ہمراہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ یکجہتی کشمیر ریلی میں شرکت کی۔اس موقع پر سید ندیم منصور صدر اسلام آباد این اے47 نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانی اور کشمیری قوم کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ کشمیر کی آزادی کوئی خواب یا تقدیر میں لکھی کہانی نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کشمیریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لے گی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ 5فروری، یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کیساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ 5فروری محض ایک دن نہیں بلکہ مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل عزم اور یکجہتی کا عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ان کا حوصلہ آج بھی بلند ہے۔ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہیں اور عالمی برادری کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔













