اسلام آباد (ٹی این ایس) کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا رمضان 2026 کے لیے پاکستان میں فوڈ باسکٹ پروجیکٹ کا آغاز کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ماہِ رمضان کے موقع پر پاکستان کے 30 اضلاع میں غذائی امداد کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام فوڈ باسکٹ پروجیکٹ (5) – پاکستان 2026 کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا شکار 192,500 مستحق افراد کو ضروری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اس منصوبے کے تحت تقسیم کیے جانے والے ہر فوڈ پیکج کا وزن 97 کلوگرام ہے، جو ایک خاندان کی رمضان المبارک کے پورے مہینے کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ہر پیکج میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، 2 کلو کھجوریں اور 5 کلو دال چنا شامل ہیں۔
تقسیم کا عمل شفاف اور مربوط انداز میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور کنگ سلمان ریلیف کے شراکت دار اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔جس کا مقصد ضرورت مند اور کمزور طبقات کو بروقت امداد فراہم کر کے ان کی مشکلات میں کمی لانا اور ماہِ رمضان کے بابرکت موقع پر ان کی مدد کرنا ہے۔ یہ منصوبہ عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کی خدمات اور پائیدار استحکام کے فروغ کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے مشن کا مظہر ہے۔














