اسلام آباد (ٹی این ایس) پولیس خدمت، تحفظ اور عوامی اعتماد کی پہچان ہے، آئی جی سید علی ناصررضوی
آئی جی اسلام آبادنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی نے فرائض منصبی کی ادائیگی میں غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جوش و جذبے اور دیانتداری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیے ، تقریب میں سینئر پولیس افسران اورجوانوں نے شرکت کی، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا ہر اہلکار شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے، محکمہ پولیس میں پیشہ ورانہ مہارت، شفافیت اور عوام دوست رویہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جن افسران و جوانوں نے جرائم کی بیخ کنی، عوامی خدمت، بروقت کارروائی اور موثر تفتیش کے ذریعے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ یقیناً محکمہ پولیس کا فخر ہیں اورایسے افسران کی حوصلہ افزائی نہ صرف انفرادی کارکردگی میں اضافہ کرتی ہے بلکہ پورے ادارے کے مورال کو بھی بلند کرتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پولیسنگ کے فروغ، عوام کے ساتھ مضبوط روابط اور جرائم کے سدباب کے لیے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، شہریوں کے تعاون کے بغیر امن و امان کا قیام ممکن نہیں، لہٰذا عوام اور پولیس کے باہمی اشتراک سے ہی ایک محفوظ اور پرامن معاشرے کی تشکیل ممکن ہے،اس موقع پر افسران و جوانوں نے آئی جی اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کی خدمت اور تحفظ کیلئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اسی جذبے اور لگن کے ساتھ مستقبل میں بھی ادا کرتے رہیں گے













