سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے علاقے میں موجودہ ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے سپانسرز اور ڈیویلپرز کے لیے ماحولیاتی مسائل بارے نئی ہدایات

 
0
563

اسلام آباد مئی 03 : سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے علاقے میں موجودہ ہاؤسنگ سوسائیٹیز کے سپانسرز اور ڈیویلپرز کو ماحولیاتی مسائل کی حساسیت بشمول زیر زمین پانی میں جانے والی آلودگی کو کنڑول کرنے قدرتی پانی کا ذخیرہ کرنے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ میں بہتری لانے اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ حکومت حکومت پاکستان کے کلین اینڈ گرین اسلام آباد کے ایجنڈے پر موئثر عملدرآمد کیا جا سکے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ نے ہاؤسنگ سوسائیٹیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی ہے جس میں انہیں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر اور دیگر ماحولیاتی امور زیرِ بحث لائے گئے۔
میٹنگ میں سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ کے افسران کے علاوہ مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندوں، کنسلٹنٹس اور ڈیویلپرز بشمول بن رحمان انکلیو زونIV-، سی بی آر ٹاؤن، گلبرگ ٹاؤن، آغوش ٹاؤن، ایف ای ایس ایچ ایس(FESHS)،ای11-،سواں گارڈن، نیول انکریج، ملٹی پروفیشنل کوآپریٹیو سوسائٹی، ریور گارڈن اور بحریہ ٹاؤن وغیرہ نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن نے شرکاء کو کلین اینڈ گرین انوائرنمنٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اہمیت اور افادیت سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ قدرتی نالوں کے پانی کو صاف رکھنے کے لیے تکنیکی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف پانی کو صاف رکھا جا سکے بلکہ آلودہ پانی سے ہونے والے امراض پر بھی قابو پایا جا سکے۔
اس موقع پر ہاوئسنگ سوسائٹیز کے نمائندوں نے بتایا کہ کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ باقاعدگی سے کام کر رہے ہیں جبکہ کچھ ہاؤسنگ سکیموں کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ڈیزائن سی ڈی اے کو منظوری کے لیے جمع کرائے جا چکے ہیں۔ سی ڈی اے نے ان ہاؤسنگ سوسائٹیز جن کے ڈیزائن ابھی جمع نہیں ہوئے کو ہدایت کی ہے کہ وہ تھرڈ پارٹی سے تصدیق شدہ ڈیزائن سی ڈی اے کے پاس جمع کرائیں جبکہ جن سوسائٹیز کے تھرڈ پارٹی سے تصدیق شدہ ڈیزائن موجود ہیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیزائن کے مطابق سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر فوری کام شروع کریں۔
کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندوں نے بتایا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے ابتدائی تیاری مکمل کر لی ہے جس کے لیے انہیں سی ڈی اے کی طرف سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ضمن میں گائیڈ لائن اور رہنمائی درکار ہے۔ کچھ ہاوسنگ سوسائیٹیز کے نمائندوں نے یہ بھی بتایا کہ جو سوسائٹیز ایک دوسرے کے ساتھ ملحقہ ہیں وہ مشترکہ طور پربھی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کر کے استعمال میں لا سکتے ہیں۔
اس موقع پر ہاؤسنگ سوسائیٹز کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے ان سوسائیٹز کو ہر قسم کی تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے تاہم ان منصوبوں پر کام کی تکمیل فوری ہونی چاہیے تاکہ اسلام آباد شہر کے ماحول کو تحفظ دیا جا سکے۔#####