رحیم یارخان (ٹی این ایس) نیشنل ڈائیگنوسٹک کمپلیکس (این ڈی سی) اور پرائیویٹ سوشل ایسوسی ایشن پنجاب (پی ایس اے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے

 
0
5

رحیم یارخان (ٹی این ایس)  نیشنل ڈائیگنوسٹک کمپلیکس (این ڈی سی) اور پرائیویٹ سوشل ایسوسی ایشن پنجاب (پی ایس اے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت پی ایس اے کے تمام ممبران کو مختلف طبی سہولیات پر خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق پی ایس اے ممبران کو پرائیویٹ سروسز پر 40 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا، جبکہ غریب اور مستحق فیملیز کے لیے یہ رعایت بڑھا کر 50 فیصد تک کر دی گئی ہےاس معاہدے میں ڈاکٹرز چیک اپ پر 20 فیصد ڈسکاؤنٹ شامل ہے، جبکہ دیگر طبی سہولیات اور خاص طور پر لیتھوٹرپسی جیسے مہنگے علاج پر بھی خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی، جس سے مریضوں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔تقریب کے دوران پی ایس اے کے نمائندگان رانا ظفر ریٹائرڈ ڈی ایس پی، عمرا جلیل بھٹی اور کلیم اللہ سمیت دیگر عہدیداران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف ان کے ممبران بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں اس طرح کے اقدامات عوام کے لیے امید کی کرن ہیں اس موقع پر ڈاکٹر ظہور احمد اور مینجنگ ڈائریکٹر انیس کورائی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈائیگنوسٹک کمپلیکس کا مقصد معیاری طبی سہولیات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس اے کے ساتھ یہ معاہدہ اسی وژن کا حصہ ہے، جس کے ذریعے مستحق افراد کو بہتر اور سستی علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ صحت کے شعبے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے