اسلام آباد (ٹی این ایس) صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت سیاسی و عسکری قیادت کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں معاشی نظم و نسق توانائی کی منصوبہ بندی غذائی تحفظ اور سکیورٹی معاملات کو باہم مربوط رکھنا ناگزیر ہے اس ضمن میں ایک مربوط قومی حکمت عملی اپنائی جائے جس میں پالیسی فیصلوں میں استحکام کو ترجیح اور عوامی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اجلاس میں خطے کی مجموعی صورت حال اور اس کے پاکستان کی سلامتی معیشت اور خوراک کے نظام پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے دیگر شعبوں پر اثرات کو کم کرنے اور اخراجات میں کمی کے لئے کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے سے متعلق جاری اقدامات پر روشنی ڈالی اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ابھرتے ہوئے علاقائی چیلنجز کے پیش نظر قومی اتفاقِ رائے کو برقرار رکھا اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خیلج فارس میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری جنگ کے معاشی اثرات سنگین ہوتے جارہے ہیں اور عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچنے کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں آبنائے ہرمز کی موثر بندش نے 20 فیصد تیل اور ایل این جی کی نقل وحمل کو روک دیا ہے اب تک تقریبا 400 ملین بیرل یعنی عالمی سپلائی کے تقریبا چار دن کے برابر تیل مارکیٹ سے نکل چکا ہے جس کی وجہ سے قیمتوں میں تقریبا 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے مشرق وسطی میں کشیدگی کے باعث خلیج فارس پر واقع آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کے بعد ایرانی اتحادی یمنی حوثیوں کی جانب سے بحیرہ عرب پر باب المندب جیسی اہم آبی گزر گاہ بند ہونے کی صورت میں عالمی معیشت شدید بحران کا شکار ہوسکتی ہے باب المندب نہر سویز تک رسائی کا اہم راستہ اور ایشیا و یورپ کے درمیان تجارت کی شہ رگ سمجھتا ہے اس آبی گزر گاہ کی بندش کی صورت میں جہازوں کو افریقہ کے گرد طویل راستہ اختیار کرنا پرے گا جس سے نہ صرف وقت بلکہ اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا موجودہ صورت حال میں آبنائے ہرمز اور باب المدب کی بیک وقت بندش عالمی سپلائی چین کو مفلوج کرسکتی ہے اشیائے ضروریہ تیل’ گیس اور دیگر سامان کی ترسیل میں تاخیر کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ متوقع ہے جبکہ کئی ممالک کو صنعتی پیدوار میں کمی اور اقتصادی سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے پاکستان جیسے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ممالک کے لئے یہ صورت حال مزید تشویش ناک ہوسکتی ہے تیل کی قیمتوں میں اضافے سے درآمدی بل بڑھنے کے نتیجے میں مہنگائی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پر دباؤ میں اضافہ ہوگا ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورت حال پر بر وقت قابو نہ پایا گیا تو یہ بحران عالمی کساد بازاری کی شکل بھی اختیار کرسکتا ہے روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی تنازع کے نتائج کی درست پیش گوئی کرنا مشکل ہے ایران جنگ کے نتائج اتنے ہی سنگین ہوسکتے ہیں جتنے کرونا وبا کے تھے جو تنازع میں شامل ہیں وہ خود بھی نتیجہ پوری طرح نہیں بتا سکتے انہوں نے خبر دار کیا ہے کہ تنازع سے بین الاقوامی لاجسٹکس پروڈکشن اور سپلائی چینز کو نمایاں نقصان ہورہا ہے اس نقصان سے ہائیڈرو کاربن دھاتوں اور کھاد کی کمپنیوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے مشرق وسطی جنگ کی سنگین صورت حال کے تناظرمیں حکومت کی جانب سے معاشی نظم و نسق توانائی کی منصوبہ بندی غذائی تحفظ اور سکیورٹی معاملات کو باہم مربوط رکھنے پالیسی فیصلوں میں استحکام کو ترجیح دینے اور عوامی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی وضع کرنا ناگزیر ہوچکا ہے توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سپلائی لائن میں خلل کاروبار زندگی اور نظم مملکت کو بری طرح متاثر کر رہا ہے توانائی کی قلت صرف بجلی یا گیس کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ اس کے اثرات براہ راست معاشی ترقی پر بھی پڑ رہے ہیں حکومت کی معاشی سکت لامحدود نہیں جبکہ توانائی کی موثر بندش کی وجہ سے قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے اس صورت حال مناسب حکمت عملی اور بر وقت اقدامات بحران کو کم کرسکتے ہیں صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت سیاسی و عسکری قیادت کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس اس ضمن میں اہم پیش رفت ہے کیونکہ موجودہ حالات میں یہ فیصلہ ضروری تھا کہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے بچنے کے لئے طویل منصوبہ بندی لازم ہے جو ہر بیرونی جھٹکوں کو برداشت کرنے کی سکت رکھتی ہو حکومت کی کوئی بھی حکمت وضع کرتے ہوئے اولین ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ کم آمدنی والے طبقے پر اس بحران کا بوجھ کم سے کم اور صنعتی پہیہ جمود کا شکار نہ ہو اس کے لئے ٹارگٹڈ سبسڈی والی حکمت عملی صائب ہے مگر عملی طور پر اس کی کیا صورت ہوگی ابھی تک اس حوالے سے کوئی بات وثوق سے نہیںکی جاسکتی کیونکہ حکومت کی جانب سے ایسا کوئی عندیہ نہیں دیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کی عملی صورت کیا ہوگی مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال نے ایک بار پھر توانائی کے مقامی ذرائع کے فروغ اور ترسیلی نظام کی خامیوں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے لہذا ضروری ہے کہ ان مسائل کا مستقل حل نکالا جائے سیاسی و عسکری قیادت کے اعلی سطحی مشاورتی اجلاس میں قومی اتفاق رائے کو بر قرار رکھنے اور اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے بلا شبہ موجودہ بحران میں وطن عزیز کو جس چیز کی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہ قومی آہنگی ہے وفاق کا صوبوں سے توانائی سبسڈی کے بوجھ میں اپنا حصہ ڈالنے کا تقاضا ایک حقیقت پسندانہ مطالبہ ہے توانائی کی بچت مہم ہو یا مہنگائی کا مقابلہ جب تک تمام اکائیاں مل کر ایک سمت میں کام نہیں کریں گی نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے معاشی وسائل کی تقسیم کے بعد اب صوبائی حکومتوں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قومی بوجھ بانٹنے میں اپنا کردار ادا کریں اور ہر صورت میں ملک کے داخلی استحکام کو فوقیت دی جائے امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر مسلط کردہ جنگ کے اثرات غیر معمولی اور وسیع تر ہیں ماضی میں امریکہ کی شروع کی ہوئی جنگوں کے اثرات ایک علاقے یا ملک تک محدود رہے مگر اس جنگ نے پوری عالمی معیشت کو جکڑ لیا ہے اور اس کے اثرات بھی روز بروز شدت اختیار کرتے جارہے ہیں دنیا کو اس معاشی تباہی افلاس اور صنعتی کساد بازاری کے بھیانک اثرات سے بچانے کے لئے ایران امریکہ اسرائیل جنگ کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے**













