اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے شہر بھر کی سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا

 
0
8

اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے شہر بھر کی سکیورٹی کا ازسر نو جائزہ لیا، ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران سے ملاقات کی اور ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے شہر بھر کی سکیورٹی صورتحال کا ازسرِ نو جائزہ لیا،اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران سے ملاقات کی،ایس ایس پی آپریشنز نے افسران سے سکیورٹی انتظامات، گشت کے نظام اور عوامی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مستعدی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی ،ایس ایس پی آپریشنز نے واضح کیا کہ موجودہ سکیورٹی حالات کے پیش نظر تمام افسران و اہلکار اپنی ڈیوٹی پر مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں،انہوں نے مزید کہاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے موثر گشت، چیکنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے اور مشکوک عناصر اورسرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی