اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا لائسنسنگ نظام مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کا تاریخی اقدام۔

 
0
4

اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا لائسنسنگ نظام مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کا تاریخی اقدام۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ پراسیس کو مکمل پیپر لیس کردیا گیا،جس کا آئی جی اسلام آباد نے باقاعدہ افتتاح کیا، جبکہ تمام پیپرلیس کاونٹرز کا جائزہ بھی لیا اور اس نظام میںمزید بہتری اور شہریوں کی سہولت کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہریوں کی سہولت اور جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ نظام کو مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک سمیت ٹریفک پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے،آئی جی اسلام آباد نے افتتاح کے بعد پیپر لیس لائسنسنگ کاؤنٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور نظام کی مزید بہتری کیلئے ضروری ہدایات بھی جاری کیں، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کے قیمتی وقت کے ضیاع کو روکنے اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے،انہوں نے مزید کہاکہ ماضی میں شہریوں کو لائسنس کے حصول کیلئے میڈیکل فارم بھرنے، تصاویر لگانے اور متعدد کاغذات ساتھ لانے کی ضرورت پیش آتی تھی، تاہم اب اس نئے نظام کے تحت کسی بھی قسم کی دستاویزات، فوٹو کاپی یا تصاویر لانے کی ضرورت نہیں رہے گی،جبکہ اب میڈیکل ٹیسٹ سے لے کر لائسنس کے اجرا ءتک تمام مراحل مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس کر دیے گئے ہیں، شہری اب صرف اپنا قومی شناختی کارڈ ساتھ لے کر آئیں اور تمام قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد آسانی سے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے،انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قلیل مدت میں اس اہم منصوبے کو کامیابی سے مکمل کیا، جو قابل تحسین ہے،آئی جی اسلام آباد نے یہ بھی اعلان کیا کہ لائسنسنگ فیس کے نظام کو بھی جلد مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکے،جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، انہوںنے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو جدید، شفاف اور سہل سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور مستقبل میں بھی ایسے انقلابی منصوبے متعارف کراتی رہے گی