اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق ضلع ناظم اٹک میجر طاہر صادق نے سابق وائس چیئرمین بلدیہ اٹک بشیر احمد اعوان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ان کے صاحبزادے دانش اعوان کو شادی کی مبارکباد پیش کی اور دولہا کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر نیک تمناؤں سے نوازا۔
میجر طاہر صادق کی آمد پر میزبان بشیر احمد اعوان نے قلبی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور اس موقع کو اپنے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔
ملاقات میں سیاسی و سماجی حلقوں کی ممتاز شخصیات کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی۔ شرکاء میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے ضلعی صدر نذیر احمد اعوان، جنرل سیکرٹری سفیر احمد اعوان، پاکستان سنی تحریک کے رہنما علامہ ارشد القادری، میجر گروپ کے ٹھیکیدار نور محمد اعوان، محمد جمیل خان لاہوری، نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) عبداللہ خان سمیت تحصیل جنڈ کے مختلف علاقوں کے معززین کی کثیر تعداد شامل تھی۔
اس موقع پر میجر طاہر صادق اور بشیر احمد اعوان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور سماجی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی ہوا۔ میجر طاہر صادق نے بشیر احمد اعوان کی بطور صحافی اور سابق وائس چیئرمین بلدیہ اٹک خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی عوامی و فلاحی کاوشوں کو سراہا اور انہیں معاشرے کے لیے قابلِ تقلید قرار دیا۔













