لاہور ہائیکورٹ ،پرویز مشرف کے خلاف عدلیہ مخالف بیان پر کارروائی کے لیے اپیل مسترد

 
0
333

لاہور ستمبر 27(ٹی این ایس)لاہورہائی کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے عدلیہ مخالف بیان پر انٹرا کور ٹ اپیل کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق ڈکٹیٹر کے خلاف کارروائی کے لیے اپیل مسترد کردی۔بدھ کو لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے عدلیہ مخالف بیان پر ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ہائیکورٹ بار کے سابق سیکریٹری رانا اسد اللہ خان نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے عدلیہ مخالف بیان کو جواز بنا کر چیلنج کیا۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ سنگل بنچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف درخواست کو حقائق کے برعکس ناقابل سماعت قرار دے دیا۔ اپیل میں نشاندہی کی گئی کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے عدلیہ مخالف بیان دیا جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے اس لیے وزارت قانون معاملے کی انکوائری کے لیے اعلی سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے۔وزارت داخلہ سابق فوجی صدر کی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیشی کو یقینی بنائے۔ اپیل میں استدعا کی گئی کہ پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ پر پابندی لگائی جائے۔عدالت نے اس اپیل کو مسترد کردیا۔