اسلام آباد (ٹی این ایس) ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے سینئر افسران کے ہمراہ جی-6 امام بارگاہ کے
سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا، افسران و جوانوں کو الرٹ رہتے ہوئے ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ امام بارگاہ G-6 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، چیکنگ کے نظام، واک تھرو گیٹس اور ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کی تعیناتی کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر متعلقہ افسران نے سکیورٹی پلان اور اٹھائے گئے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی، ایس ایس پی آپریشنز نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ہدایات جاری کیں کہ وہ دوران ڈیوٹی مکمل الرٹ رہیں، مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور اپنی ذمہ داریاں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں، انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کی سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مکمل توجہ رکھی جائے، داخلی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ذریعے شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے جبکہ اہم مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔

















