اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس۔اجلاس میں عیدالاضحیٰ سکیورٹی و ٹریفک پلان کا جائزہ لیا گیا اور 07 ہزار سے زائد افسران پر مشتمل فول پروف سکیورٹی انتظامات کی منظوری دی گئی، اجلاس میں عبادگاہوں، تجارتی مراکز اور تفریحی مقامات پر اضافی نفری، سخت چیکنگ اور جامع سکیورٹی پلان پر موثر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیرصدارت عیدالاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سکیورٹی اور مربوط ٹریفک انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے تمام ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی، اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی، آپریشنل حکمت عملی اور ٹریفک مینجمنٹ کے تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کیلئے جامع اور موثر سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا، سکیورٹی پلان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 07 ہزار سے زائد اسلام آبادپولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جو عید اجتماعات، مساجد، امام بارگاہوں، تجارتی مراکز، مویشی منڈیوں، قبرستانوں، بس اڈوں اور تفریحی مقامات پر تعینات ہوں گے، تمام زونز میں مربوط اور مشترکہ پٹرولنگ پلان نافذ کیا گیا ہے جس کی نگرانی ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کریں گے جبکہ متعلقہ ڈی پی اوز اپنے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کریں گے، اسپیشل پٹرولنگ یونٹس کو بھی فیلڈ میں متحرک رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور موثر ریسپانس کو یقینی بنایا جاسکے،اجلاس میں شہر کے تمام حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں، فیصل مسجد، بس اڈوں اور قبرستانوں سمیت اہم عوامی مقامات پر خصوصی ناکہ بندی اور اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ مختلف علاقوں کی مکمل سرچنگ اور کلیئرنس آپریشنز سرانجام دے گا، اسی طرح تجارتی مراکز، شاپنگ ایریاز اور مویشی منڈیوں میں ڈولفن فورس اور دیگر خصوصی یونٹس کی مسلسل گشت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے، تفریحی مقامات اور دیگر اہم مقامات پر بھی خصوصی سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات نافذ کیے جائے گے، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گاجس کے تحت عبادت گاہوں اور حساس مقامات کے اطراف غیر قانونی پارکنگ کی سختی سے ممانعت ہوگی اور متبادل پارکنگ انتظامات بھی فراہم کیے گئے ہیں، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس خدمت مرکز کیسکیڈ اور پولیس اسٹیشن آن ویلز عید الاضحی کے ایام میں بھی شہریوں کو معمول کے مطابق تمام تر سہولیات مہیا کرتے رہیں گے، انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، سکیورٹی اور ٹریفک نظام کو مربوط انداز میں چلائیں اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں، انہوں نے واضح کیا کہ دوران ڈیوٹی کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں۔













