اسلام آباد (ٹی این ایس) پولیس توانائی کے موثر استعمال اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے کوشاں ۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بی وائی ڈیالیکٹرک وہیکلز کے پاکستان میں نمائندگان کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے اسلام آباد پولیس میں الیکٹرک وہیکلز کے استعمال، توانائی بچت منصوبوں اور جدید، ماحول دوست ٹرانسپورٹ سلوشنز پر تبادلہ خیال کیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت اسلام آباد پولیس توانائی کے موثر استعمال، ماحولیاتی تحفظ اور ماحول دوست اقدامات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی جی سیف سٹی/ ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ کے ہمراہ بی وائی ڈی الیکٹرک وہیکلز کے پاکستان میں نمائندگان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اسلام آباد پولیس کے مختلف شعبوں میں الیکٹرک وہیکلز کے استعمال، توانائی کی بچت سے متعلق منصوبوں، جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سلوشنز، کاربن اخراج میں کمی اور ادارے کو بتدریج گرین پولیسنگ ماڈل کی جانب منتقل کرنے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر الیکٹرک وہیکلز کی افادیت، آپریشنل استعداد، کم آپریٹنگ اخراجات اور مستقبل میں پولیس فورس میںماحول دوست گاڑیوں کے مرحلہ وار شامل کیے جانے سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار توانائی کے ذرائع کو بروئے کار لا کر پولیسنگ کے نظام کو مزید موثر، جدید اور ماحول دوست بنایا جائے گا۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ، ڈائریکٹر آئی ٹی پی ایف ایم عائشہ جمیل اور ڈائریکٹر لیگل طاہر کاظم کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تفتیشی امور میں جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، قانونی معاملات، کیس مینجمنٹ سسٹمز اور پولیسنگ کے مختلف شعبوں میں جاری اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر شہریوں کو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی، تفتیشی معیار کو مزید بہتر بنانے، شواہد پر مبنی تحقیقات کے فروغ، ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو وسعت دینے اور ادارہ جاتی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور قانونی تقاضوں سے ہم آہنگ تفتیشی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ شہریوں کو شفاف، موثر اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ”اوپن ڈور پالیسی“ کے تحت کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور قانون کے مطابق فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو پولیس سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ بلاجھجھک کھلی کچہری میں آ سکتا ہے، کیونکہ میرے دروازے ہمیشہ شہریوں کے لیے کھلے ہیں۔انہوں نے شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ ٹائم فریم کے اندر درخواستوں کو میرٹ پر نمٹا کر رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوامی مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔




















